اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیلاب سے متاثرہ علاقوں نلتر ویلی، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی نلتر ویلی، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ائیر وائس مارشل ظفر اسلم، ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ایئر کمانڈ نے ضلع راجن پور میں واقع پی اے ایف فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران فضائیہ کی ٹیموں نے ضرورتمند خاندانوں میں 5570 پکے ہوئے کھانے کے ڈبے اور 1260 پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔ 2314 راشن پیکٹ تقسیم کیے گئے جن میں بنیادی اشیائے خوردونوش موجود تھیں۔ متاثرین کو مفت خوراک اور رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں 787 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔