لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی شوریٰ کے اراکین نے ملاقات کی، وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے شاندار انتظامات کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں مولانا محمد عامر، امتیاز احمد خان غنی، آفتا ب احمد خان غنی، راسخ الٰہی اور رائیونڈتبلیغی اجتماع کمیٹی کے چیئرمین حافظ عمار یاسر شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ 3نومبر کو رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع سے قبل علاقے کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام مکمل کر لیا جائے گا-اجتماع کیلئے ریسکیو 1122 کا مکمل سنٹر فعال کیا جائے گا، پٹرو لنگ پوسٹیں بھی قائم کریں گے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے آنے والے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔