لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انٹرنیشنل ٹیلی تھون کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہیں، ٹیلی تھون سے سندھ، بلوچستان، خیبر پختو نخوا اور پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کی جائیگی۔
اپنے ایک بیان میں چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرین افراد اور خاندانوں کی بلا تمیز مدد کی جائے گی، مخیر حضرات دل کھول کر وزیراعلیٰ پنجاب اور خبیر پختونخوا کے سیلاب متاثرین اکاؤنٹ میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں اور پوری قوم متاثرین کی امداد کیلئے باہر نکلے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاک افواج سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہی ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود سیلاب متاثرین کی بحالی میں پیش پیش ہیں، ہماری فوج نے سیلاب میں پھنسے ہوئے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچا یا ہے۔
سیلابی صورتحال: پرویز الٰہی کی میانوالی انتظامیہ، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر میانوالی کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر میانوالی کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے بروقت انخلاء کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ حفاظتی انتظامات ہر لحاظ سے موثر اور جامع ہونے چاہئیں۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ادویات، پینے کے صاف پانی، مویشیوں کیلئے چارہ اور ضروری ساز و سامان کا وافر سٹاک رکھا جائے، دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔ متعلقہ افسران دریا کے بند اور حفاظتی پشتوں کا موقع پر جا کر خود جائزہ لیں۔