سیاسی پارٹیاں، کارکن اپنی تمام سرگرمیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کریں: نواز شریف

Published On 28 August,2022 07:20 pm

لندن:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں تمام سیاسی پارٹیوں اور اپنے کارکنوں کو کہتا ہوں اپنی تمام سرگرمیاں سیلاب متاثرین کے لیے وقف کریں، یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے۔

سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ملک میں سیلابی تباہی کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے، ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیر حضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہو، پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے، سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی، متاثرین سے ملاقات کرینگی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے، قدرتی آفت کا شکار لوگ امداد کے منتظر ہیں، متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔
 

Advertisement