اسلام آباد:(دنیا نیوز) عمران خان کی سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے انٹرنیشنل ٹیلی تھون کرنے کے معاملے پر ٹیلی تھون تمام چینلز پر لائیو دکھانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ٹیلی تھون لائیو دکھانے کے لیے پی ٹی آئی پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریگی۔
پی ٹی آئی اپنی درخواست میں عمران خان کو لائیو دکھانے سے متعلق پیمرا کی پابندی ختم کرنے کی استدعا کریگی، عمران خان پیر کی رات 9 سے 12 بجے تک سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ٹیلی تھون کریں گے، ٹیلی تھون میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراء اعلیٰ بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔
عمران خان پیر کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ٹیلی تھون میں اپیل کرینگے:اسد عمر
سابق وفاقی وزیر خزانہ اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے بات ہو گئی، وہ بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اکاؤنٹ کھول رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ امداد پہچانے کا طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے، انشاءاللہ پیر کو عمران خان پاکستان کے ہر علاقے میں اس وقت مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لئے ٹیلی تھون میں اپیل کریں گے۔