اسلام آباد:(دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیا شامل ہیں، ترکیہ سے بھی دو جہاز کراچی پہنچ گئے۔
مون سون کی بارشوں نے پاکستان میں تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ ، جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے یو اے ای کی طرف سے امداد ی سامان لے کر مزید پندرہ طیارے آئندہ چند روز میں پاکستان آئیں گے، یہ پہلی پرواز ہے جو امداد لے کر راولپنڈی پہنچی ہے۔
دوسری جانب ترکیہ سے بھی دو جہاز امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا تھا۔
دیگر ممالک بھی پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں ، احسن اقبال
نور خان ایئر بیس پہنچنے پر متحدہ عرب امارات کےسفیر حماد عبید ابراہیم الزیبی نے امدادی سامان وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے حوالہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے پہلی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ ترکیہ کے جہاز بھی سامان لے کر یہاں پہنچ رہے ہیں، دیگر ممالک بھی مدد کیلئے تیار ہیں اور وہ امدادی سامان پاکستان کیلئے بھیجیں گے۔
اسی طرح چین کی جانب سے ٹینٹ پہنچ رہے ہیں، عالمی برادری سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے، جلد مشکل صورتحال سے نکل جائیں گے جس طرح 2005 کے زلزلہ اور 2010 کے سیلاب میں پاکستانی عوام نے مشکل وقت کا مقابلہ کیا تھا۔ جو علاقے متاثر ہوئے ہیں انہیں دوبارہ پائوں پر کھڑا کریں گے، حالیہ بارشوں کی وجہ سے صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، پل ٹوٹے ہیں، کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، سوات ، چترال، گلگت بلتستان میں بھی حالیہ بارشوں کی وجہ سے نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔ جو راستے بارشوں کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان کو جلد کھول دیا جائے گا، حکومت متاثرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، تمام وسائل کو بروئے کار لا کر لوگوں کی مدد کریں گے، سیلاب کی وجہ سے شاہرات اور ریلوے ٹریک سمیت انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کے ساتھ فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی کھیپ نورخان ایئر بیس پہنچی، اس موقع پر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور متحدہ عرب امارات کے سفیر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، اماراتی صدر شیخ محمد بن زیدالنہیان نے پاکستان کیلئے تین ہزار ٹن امدادی سامان بھیجنے کی ہدایت کی تھی، متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لے کر مزید پندرہ جہاز آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچیں گے، امدادی سامان میں خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر برطانوی حکومت نے بھی امداد کی پیش کش کی، برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی لارڈ طارق احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک اعشاریہ پانچ ملین پاؤنڈ کی امداد فراہم کی جائے گی، برطانوی حکومت پاکستانی حکومت کے ساتھ براہ راست کام کر رہی ہے
فرانس کے صدر میکرون نےسیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ فرانسیسی حکومت پاکستان عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔