غذر:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بوبر اور غذر کا دورہ کیا اور بارش و سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی، وزیراعظم کو غذر میں بارشوں اورسیلاب سے ہونےوالے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پربریفنگ دی گئی۔
دورہ کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے گلگت میں ششپر گلیشیئر ہنزہ کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے.گلگت ائیر پورٹ پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے ششپر گلیشیئر کے سیلاب سے متاثرہ 9 افراد کو فی کس 8 لاکھ روپےاور 6 متاثرین کو 5 لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں ترکیہ کے وزیر داخلہ سلیمان SOYLU اور وزیر ماحولیات MURAT KURUM کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کے لئے ترکیہ کی بروقت اور قابل قدر امداد کو دونوں برادر ملکوں کے درمیان شاندار تعلقات کا عظیم عکاس قرار دیا ہے اور مشکل گھڑی میں پاکستان کی ہمیشہ مدد کرنے پر ترکیہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ سیلاب سے 300 بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد جاںبحق ہو گئے ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ اِس آفت سے فصلیں اور مکانات تباہ ہو گئے ہیں اور عوام کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔
شہباز شریف نے اِس یقین کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ اور برادر ملکوں کی مدد سے پاکستان اِس غیر معمولی ہنگامی صورتحال سے نکل آئے گا اور آگے بڑھے گا۔