وفاق سے توقعات کے مطابق امداد نہیں ملی: شوکت یوسفزئی

Published On 04 September,2022 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی وفاقی حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ 2010 کے سیلاب کے مقابلے میں انفراسٹرکچر زیادہ متاثر ہوا، وفاق سے توقعات کے مطابق امداد نہیں ملی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا تھا سیلاب سے اب تک 289 افراد جاں بحق، 6 لاکھ 75 ہزار سے زائد لوگ بے گھر اور 87 ہزار مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان تقریباً تمام آفت زدہ علاقوں میں گئے اور لوگوں سے ملے، ان کو تسلی دی اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی، 102 ارب روپے کا نقصان ہوا، وفاق اور وزیر اعظم صرف اعلانات تک محدود ہیں، کوئی مدد کو نہیں آیا، وزیراعظم یا وفاقی حکومت نے ابھی تک کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، شہباز شریف نے میڈیا پر 10 ارب کا اعلان کیا مگر کسی قسم کی امدادی سرگرمیوں میں تعاون نظر نہیں آیا۔
 

Advertisement