سیلاب متاثرین کو کسی صورت بے یار مدد گار نہیں چھوڑیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 05 September,2022 01:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے پرعزم ہیں، متاثرین سیلاب کو بے یار مدد گار نہیں چھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی، غلام سرور خان نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف کے اقدامات کو سراہا۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواکے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں آبیانہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے، گھروں، فصلوں اور لائیو سٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ، فوڈ پیمپرز او ردیگر ضروری سامان مہیا کیا جا رہا ہے، پنجاب کابینہ نے آبپاشی انفراسٹرکچر کو پہنچنے وا لے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لئے 4 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے۔
 

Advertisement