فیصل آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اگلے اتوار کو پھر سے ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے ہمیں مستقبل میں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوار ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کروں گا، امپورٹڈ حکومت نے چار ماہ میں ملک تباہ کردیا، یہ صرف اپنے مقدمات ختم کرنے آئے تھے، اقتدار کی باریاں لینے والے بیس سال ایک دوسرے کو چور کہتے رہے، تحریک انصاف کا سونامی دیکھ کر سب ایک ہوگئے، قوم کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018 میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بے روزگاری تھی، پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جارہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، کسانوں کو شوگر ملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی، ساڑھے 3 سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف نے 50 سال کے بعد 10 ڈیمز بنائے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری ضروری ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے، ایک صنعتی شہر ہے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، کرپٹ لوگ چوری کر کے ملک کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، سیلاب متاثرین کیلئے جلد دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا، اگر آئی ایم ایف قرض دیتا ہے تو شرائط سخت ہوتی ہیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ چار مہینے میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے، مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، حسین نواز کہتے ہیں لندن میں فلیٹس ہمارے ہیں، ہم نے دولت میں اضافہ کیا اور کرپشن کم کرائی، اقتدار میں آتے ہی ان لوگوں نے 1100 ارب روپے معاف کرائے، آئی ایم ایف نے یہ بھی کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی بڑھے گی، ان پر جب مشکل آتی ہے تو یہ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آج بجلی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، 4 مہینے پہلے پٹرول 150 روپے لیٹر تھا، ہمارے دور میں فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بہتر ہوئی، امپورٹڈ حکومت کے دور میں ہر طبقہ کے حالات برے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایسے سیلابوں سے محفوط رہنے کے لیے ہمیں ڈیم بنانا ہوں گے، ہم نے 10 بڑے ڈیم بنائے کراچی میں ندی نالوں پر لوگوں نے قبضے کرلیے، موسیماتی تبدیلیوں سے آنیوالی نسلوں کو بچانے کے لیے ساری قوم شجر کاری کرے، جب پانی آتا ہے تو اس کو نکالنے کے لیے ڈرینج سسٹم چاہیے تاکہ تباہی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو نہیں پتا تھا عالمی سطح پران کی پراپرٹی کا انکشاف ہوجائے گا، مریم کہتی تھی کہ پراپرٹی نہیں ہے، چوری کے پیسوں سے لندن میں مہنگی ترین پراپرٹی خریدی، مریم کہتی ہے کہ ہمارے امیر دادا نے پیسا دیا، شہباز شریف کہتا ہے کہ میرا باپ غریب آدمی تھا، آصف علی زرداری نے 13 ارب روپے سرئٹزر لینڈ میں رکھے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مشرف حکومت نے دونوں کو این آر او دے کر معاف کردیا، شہباز شریف آپ اور آپ کا بھائی اور زرداری پیسہ چوری کرکے باہر بھیج دیتے ہیں جبکہ پاکستان کی تاریخ میں ہم نے سب سے زیادہ ٹیکس کا پیسہ اکٹھا کیا۔