اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم ملکی معیشت، سیاست اور معاشرتی ہم آہنگی کیلئے ان گائیڈڈ میزائل ہیں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) دفاعی ادارے اور اس کے کمانڈروں کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے سے باز رہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے بیان دیا گیا تھا جس پر پاک فوج نے شدید غم و غصے کا بھی اظہار کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کے خلاف عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دفاعی ادارے اور اس کے کمانڈروں کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے سے باز رہیں، وہ انتشار و افراتفری پھیلا کر پاکستان کو افغانستان، لیبیا اور شام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کی محب وطن قوتیں عمران خان کو مذموم عزائم میں کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔
وفاقی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پورے ملک کے عوام پاکستان کی سلامتی کی کاوشوں میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔