عمران ملکی سلامتی کیلئے خطرہ، آئندہ لمبی کارروائیاں ہونے والی ہیں: خواجہ آصف

Published On 05 September,2022 05:04 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان بھارت کی طرح پاکستان کی معیشت اور دفاع پر حملہ آور ہیں، اداروں کو ٹارگٹ کرنا ان کا شیوہ ہے، وہ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، آنے والے دنوں میں ان کے خلاف لمبی کارروائیاں ہونے والی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اداروں کو ٹارگٹ کرنا عمران خان کا شیوہ ہے، جب تک عمران خان کے پاس اقتدار ہو اس وقت تک سب ٹھیک نظر آتاہے، فوج کا یہ کام نہیں کہ سیاسی پارٹیوں کو تحفظ فراہم کریں، افواج کا کام صرف قوم اور سرحدوں پر تحفظ کا نظام لاگو کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کے لیے تحفظ مانگتے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین سمیت اہلخانہ بھی کرپشن میں ملوث ہیں، تاریخ میں جہاں جہاں بھی قوم کو تحفظ کی ضرورت پڑی ہماری افواج نے کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، جلسوں میں اپنے مفاد کے لیے اداروں کے خلاف بیانات اداروں کے تقدس کے مخالف ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے عمران خان کی سازش کو ناکام بنائیں گے، عمران خان کے خلاف آئندہ دنوں میں لمبی کارروائی ہونے والی ہے، قانونی پہلو دیکھ کر فارن فنڈنگ پر کارروائی ہوگی۔
 

Advertisement