لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس انوار الحق پنوں نے سماعت کرنے سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت ہوئی، دو رکنی بنچ کے رکن جسٹس انوار الحق پنوں نے سماعت کرنے سے معذرت کرلی، عدالت نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی تھی، اس دوران درخواست گزار کے وکیل کا اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ چوہدری شوگر مل کا ریفرنس ابھی دائر نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ تین ججوں کے انکار اور تین بینچ ٹوٹنے کے بعد مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ سے اپنی درخواست کی واپس لے لی تھی، گزشتہ روز انہوں نے چار مہینے گزرنے کے بعد دوبارہ درخواست دائر کی ہے جس کو جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل بینچ نے سننا تھا مگر جسٹس انوار الحق پنوں نے سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔