لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی تاخیر کا شکار ہو گئی، حکومت پنجاب کی جانب سے لیت لعل سے کام لیا جانے لگا، 42 دن گزر گئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چند ہفتے قبل اسمبلی سیکرٹریٹ کو حمزہ شہباز کا نام بطور اپوزیشن لیڈر لیٹر موصول ہوچکا ہے، لیٹر ملنے کے باوجود سپیکر نے تاحال حمزہ شہباز شریف کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ،جبکہ اپوزیشن چیمبر میں ویرانی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حمزہ شہباز کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرر ی میں رکاوٹ پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان ہیں جب تک سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کو ہدایت نہیں ملے گی تب تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب ن لیگ کی جانب سے قائد حزب اختلاف کے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے خلاف ایوان میں کوئی بھی احتجاج نہیں کیا گیا۔