سوات:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقہ کوٹکے برہ بانڈئی میں بم دھماکے میں امن کمیٹی کے رکن ادریس خان سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق برہ بانڈئی میں امن کمیٹی کے رکن کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا جس سے وہ جان کی بازی ہار گئے۔
ڈی پی او زاہد مروت کے مطابق امن کمیٹی کے رکن ادریس خان سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بم دھماکے سے زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کے لیے سیدو شریف ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع سوات دھماکہ پرایکشن لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ واقعے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے شہید ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔