مریم کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست فریقین کو نوٹسز، جواب جمع کرانے کا حکم

Published On 14 September,2022 12:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی عدالتی تحویل سے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے اور27ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کی سربراہی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے مریم کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری شوگر مل کی انکوائری 2018 میں شروع ہوئی اور پھر نیب نے مریم نواز کو گرفتار کر لیا۔

وکیل نے مزید بتایا کہ ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کی عدالتی حکم پر سات کروڑ روپے جمع کروائے اور پاسپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کروایا، چار سال سے چوہدری شوگر مل کا ریفرنس دائر نہیں ہوسکا، مریم نواز کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے وہ پہلے بھی بیرون ملک سے واپس آئیں، چار سال بعد مریم نواز عدالت کے دروازے پر آئی ہیں۔

عدالت نے کاروائی کرتے ہوئے مریم نواز کی پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔
 

Advertisement