عمران خان فتنہ، انتشار، فارن فنڈڈ اور پاکستان کی تباہی ہے: مریم نواز

Published On 15 September,2022 03:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان فتنہ، انتشار، فارن فنڈڈ اور پاکستان کی تباہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو پیسے دے کر ملک کو تباہ کرنے کیلئے لانچ کیا گیا، کوئی بھی پاکستانی نیازی کے شر کے محفوظ نہیں، کسی کی عزت اچھال کر بعد میں معافی مانگنا ان کا شیو ہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں مذہب کو استعمال نہیں کرنا چاہیے، عمران خان جاتے جاتے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی کر کے گئے، یہ سب کچھ وفاقی حکومت پر ڈال کر پتلی گلی سے فرار نہیں ہو سکتے، شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا، تنخواہ سے زیادہ لوگوں کے بلز آ رہے ہیں، حکومت سے درخواست ہے عوام کا خیال کریں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ جس شخص نے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنایا اس شخص کا نام ہی فتنہ خان ہے، عمران خان نے اقتدار میں فوج کی تعریفیں کی جب اقتدار سے اتر گئے تو ایک ادارے کو کبھی نیوٹرل کہا، پھر کہا جو نیوٹرل ہے وہ جانور ہے، پھر اسے متنازع بنایا، اب اگر وہ کسی ایک بات پر قائم رہیں تو ان سے بات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آپ کسی خاتون جج کی بھرے جلسے میں عزت اچھالیں اور بعد میں آکر معافی مانگ لیں تو یہ درست نہیں ہے، آپ کا کام تو ہوگیا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، معافی مانگنے کے باوجود نہال ہاشمی پانچ برس کے لیے نااہل ہوئے، عمران خان کا بیان ناقابل معافی نہیں، ججز کو اس معاملے کو دیکھنا ہوگا اگر عمران خان کو چھوٹ دی گئی تو کل کسی کی عزت محفوظ نہیں ہوگی اور اس میں جوڈیشری برابر کی شریک ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ جو دباؤ ڈال کر الیکشن جلد کرانے کی بات کی جاتی ہے اس معاملے میں حکومت کو اس شخص کی بات نہیں سننی چاہیے، عمران خان نے پہلے بھی انقلاب کی کال دی تھی جو ہوا میں ہی رہ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا غلط ہے، پی ٹی آئی کا مذہب کی آڑ میں ڈرامہ قوم کے سامنے آنا چاہیے، مذہب انسان کا ذاتی معاملہ ہے لیکن اگر آپ یہ کہیں کہ ن لیگ کو ووٹ دینا شرک ہے اور مجھے ووٹ نہیں دیا تو گناہ ہے تو یہ آپ اپنی گھٹیا سیاست کے لیے مذہب کو استعمال کررہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ جب آپ اقتدار میں ہوتے ہیں تو مذہب کی تعریف کچھ اور ہوتی ہے اور اقتدار سے اترتے ہی تعریف تبدیل ہوجاتی ہے، آپ نے کلمہ کا مطلب بالکل سیاسی بنادیا، آپ کہتے ہیں کہ آپ کو "چنا گیا" تو آپ نے اپنی شکل دیکھی ہے؟ آپ نے کبھی سچ نہیں بولا اور یہ بات کرتے ہیں، عمران خان مذہب کا استعمال نہ کریں اس سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

بجلی کے زائد بل کی مخالفت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمت بڑھانے کے کسی فیصلے کو سپورٹ نہیں کرتی، شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ملک کی معیشت آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے، معیشت ایک دم سے بحال نہیں ہوسکتی، کام جاری ہے، جب نئے انتخابات کے بعد اگلے پانچ برس کے لیے حکومت آجائے گی تو نئی پالیسیاں وضع کی جائیں گی۔

انہوں ںے کہا کہ ان سوئنگ بال کرنے کی بات کرنے والے عمران خان پہلے اپنے کوچ کا نام بتائیں کہ کون آپ کو یہ مشورے دے رہا ہے، عمران خان کے لاڈلے پن کو تحفظ دینے والے اگر اپنی روش تبدیل کردیں تو عمران خان کو ڈیل کرنا تین دن سے زیادہ کا کام نہیں ہے، عمران خان کو تحفظ ان کا کوچ دے رہا ہے، کوچ کون ہے اللہ بہتر جانتا ہے۔

قبل ازیں مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں۔

مریم نواز نے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس کا فیصلہ رابرٹ ریڈلے کی رپورٹ پر کھڑا ہے، ماہر کی رپورٹ پرائمری نہیں سیکنڈری شہادت ہوسکتی ہے، اس کیس پر نیب کا پرانا قانون لگائیں یا نیا، بنتی بریت ہی ہے

وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس کیس کو کیلبری فونٹ کے معاملے سے دیکھیں گے۔
دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا جبکہ بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔
 

Advertisement