پاکستان اہم شراکت دار، گیس سپلائی ممکن ہے:پیوٹن کی وزیراعظم شہباز سے ملاقات

Published On 15 September,2022 04:37 pm

سمر قند : (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائپ لائن سے گیس سپلائی ممکن ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے روس کی سرکاری خبر ایجنسی آر آئی اے اور روسی خبر ایجنسی تاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روسی صدر نے یہ بیان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دیا۔

روسی صدر نے کہا کہ  پاکستان کو گیس سپلائی روس، قازقستان اور ازبکستان کے پہلے سے بنے انفرااسٹرکچر سے ممکن ہے، پاکستان میں ایل این جی فراہمی کے لیے انفرااسٹرکچرکی تعمیر بھی قابل توجہ ہے، پاکستان کو جنوبی ایشیا میں روس کے اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور وقت کے ساتھ پاک روس تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ روس پاکستان کے تعلقات میں معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون اہم ہے۔

اس موقع پر روسی صدر نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید امداد بھیجنے کا عندیہ بھی دیا۔

وزیراعظم نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے روسی صدر کے ساتھ پاکستان میں سیلاب کی آفت کے تباہ کن اثرات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک کے فوڈ سکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری،توانائی، دفاع اور سکیورٹی سمیت باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق بھی دیا گیا۔

ملاقات کا اعلامیہ جاری

اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات خطے، بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے روسی صدر کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا جبکہ ماسکو کیساتھ خوراک، سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے روس کے افغانستان میں تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان روس اور پاکستان کے مفاد میں ہے۔ مستحکم افغانستان کیلئے، خطے اور بین الاقوامی سطح پر ہر ممکن حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف اور ولادیمیر پیوٹن نے بین الحکومتی کمیشن کا آئندہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے روسی اور ایرانی صدر سمیت دیگر کی ملاقات

وزیر اعظم شہبازشریف کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت تاجکستان اور ازبکستان کے صدور سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سمرقند میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

مزید برآں شہباز شریف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

سیلاب کی تباہ کاریوں پر ایرانی صدرنے اظہارافسوس کیا جبکہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھیجنے پر ایرانی صدرکا شکریہ ادا کیا۔

اُدھر وزیراعظم نے سمر قند میں خضر کمپلیکس کا دورہ کیا اور ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری دی۔