اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم آج سے شروع ہوگئی، کورونا سے بچاؤ کی ویکسین 5 سے 12 سال تک کے بچوں کو لگائی جائے گی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم 24 ستمبر تک جاری رہے گی، تعلیمی اداروں میں ویکسین لگانے کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے، بچوں کی ویکسینیشن کیلئے نادرا میں اندراج کرانا ضروری ہوگا اور ب فارم کے ذریعے بچوں کی ویکسینیشن کی انٹری کرائی جائے گی۔
این آئی ایچ کی جانب سے ہدایات دی گئی ہیں کہ لوگ اپنے بچوں کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں، دوسری خوراک پہلی خوراک کے 21 سے 56 دنوں کے اندر لگوانا ہوگی۔
مہم کے دوران پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، بچوں کو والدین کی رضا مندی سے سکولوں میں ویکسین لگائی جائے گی، والدین بچوں کو قریبی ویکسینیشن سنٹرز سے بھی ویکسین لگوا سکتے ہیں۔