اسلام آباد: (دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹرز اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ،وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک مشکلات سے نکل آیا اب عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹر اسحاق ڈار سے حلف لیا، تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، مشیر اور خصوصی معاونین نے شرکت کی، تقریب کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، ملاقات ایوان صدر میں 20 منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے صدر مملکت کو اپنے پلان سے آگاہ کیا، سیلاب کی صورتحال میں معیشت کے مزید نقصان پر بھی گفتگو کی۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی اور ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر اسحاق ڈار کو مبارک دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسحاق ڈار ملک کو معاشی بھنور سے نکالنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، ملک مشکلات سے نکل آیا ہے ،اب عوام کو ریلیف ملنا چاہیئے۔