کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری، پی ٹی آئی دور میں خریدے گئے ٹیبلٹس نامناسب قرار

Published On 30 September,2022 06:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں کابینہ ارکان کیلئے خریدے گئے ٹیبلٹس کا معیار، حجم نا مناسب قرار دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پورٹل کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے سمارٹ، جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ ارکان، سیکریٹریز، وزیر اعظم آفس، کابینہ ڈویژن کے متعلقہ سٹاف کیلئے نئے ٹیبلٹس خریدے جائیں گے، مشینری اور آلات پر عائد پابندی میں نرمی کرکے نئے ٹیبلیٹس خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی، پی ٹی آئی دور میں کابینہ کی کارروائی کو آٹومیٹڈ کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا، سابقہ حکومت میں کابینہ ارکان، سیکریٹریز اور متعلقہ سٹاف کیلئے 150 ٹیبلٹس خریدے گئے تھے، پہلے سے خریدے گئے ٹیبلٹس وزارتوں، ڈویژنز کے دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
 

Advertisement