لاہور: (ویب ڈسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے بری ہونے کے بعد کہا ہے کہ کیس خارج ہو گیا کہنے کی بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے فتنہ کو معافی ملی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے توہین عدالت کیس میں بری ہونے کے بعد لکھا کہ توہین تو ہوئی ہے اور دنیا کے سامنے ہوئی ہے، سو کیس خارج ہو گیا کہنے کی بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے فتنہ کو معافی ملی ہے۔ درگزر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا پاسپورٹ مجھے واپس کر دیا گیا ہے الحمدُللّہ، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ پاسپورٹ اس کیس میں 3 سال ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں؟
مریم نواز نے مزید لکھا کہ میرے جلسوں کے خوف سے فتنہ نے مجھےتفتیش کے لیے 3 ماہ نیب میں حبسِ بے جاہ اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا مگر کیس آج تک تاحال فائل نہیں ہوا۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ فتنہ کی ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو مٹنا ہی تھا ایک دن کیونکہ قدرت کا اصول ہے مگر فارن ایجنٹ آج بھی جھوٹ بولنے اور جعلسازی سے باز نہیں آیا۔ مکافاتِ عمل اور انشاءاللّہ عبرت ناک انجام اس کے تعاقب میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی افسوس نہیں۔ اللّہ نے بہت ہمت دی انتقام اور ناانصافیوں کا سامنا کرنے کی۔ اللّہ نے مجھے جھکنے نہیں دیا۔ مجھے ظالموں کا شکریہ ادا کرنا ہے کہ انجانے میں میری ایسی ٹریننگ کر گئے کہ میں خود بھی چاہتی تو نہیں کر سکتی تھی۔ یہ سب اللّہ ربّ العزت کے کام ہیں۔