اسلام آباد: (دنیا نیوز)سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 4 ہزار 659 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ پاک بحریہ کی ٹیموں نے 15 ہزار 568 محصور افراد کو بچایا،اسی طرح پاک فضائیہ کی جانب سے خیمےاور فوڈ پیکج تقسیم کئے گئے۔
نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کی 627 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 659 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا گیا، ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں، ملک بھر میں 147 ریلیف کیمپس، 157 امدادی اشیاء کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں۔
پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لئے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں، مختلف اضلاع میں 2 ہزار 63 ٹن راشن، 7 ہزار 479 خیمے، 7 لاکھ 40 ہزار 318 لیٹر پانی تقسیم کیا گیا، 22 خیمہ بستیوں میں 31 ہزار 529 افراد رہائش پذیر ہیں، ملک بھر میں پاکستان نیوی کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔
پاک فضائیہ کی جانب سے 6 ہزار 633 خیمے، 7 لاکھ 15 ہزار 261 فوڈ پیکٹ تقسیم کئے گئے 46 طبی کیمپوں میں 77 ہزار 198 مریضوں کا علاج جبکہ 20 خیمہ بستیوں میں 19 ہزار 807 افراد رہائش پذیر ہیں، ۔پاک فضائیہ نے 54 ریلیف کیمپس، 3 مرکزی فضائی مراکز قائم کئے ہیں۔