خیبرپختونخوا: آزاد حیثیت سے منتخب بلدیاتی نمائندے تحریک انصاف میں شامل

Published On 05 October,2022 04:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں آزاد حیثیت سے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کے دوران پشاور، خیبر، کوہاٹ، شانگلہ، دیر، سوات، چترال، باجوڑ، چارسدہ مردان سے آزاد حیثیت میں منتخب 100 بلدیاتی نمائندوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ نچلی سطح پرپی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا کردیا ہے، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن چکی ہے،عوام کو بہت جلد چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر حال میں لانگ مارچ کو کامیاب بنائیں گے، حقیقی آزادی کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان پاکستانی عوام اور آنے والے نسلوں کی آزادی کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سائوتھ اور ہری پور ریجنز کے 200 سے زائد بلدیاتی نمائندوں نے شمولیت اختیار کی،وزیراعلیٰ نے پارٹی میں شامل ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی کی ٹوپیاں بھی پہنائیں۔
 

Advertisement