اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے سکیورٹی انتظامات کرنا شروع کر دیئے، شہر میں داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کے ساتھ ساتھ ریڈ زون میں سکیورٹی وال کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے ممکنہ دھرنے اور لانگ مارچ کو روکنے کے لئے حکومت نے بھی سکیورٹی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، فیض آباد سمیت شہرمیں داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کے لئے تمام داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کے ساتھ ساتھ نادرا چوک پر سکیورٹی وال کی تعمیر بھی جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے دھرنا کے شرکا سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد پولیس آج سے ڈی چوک میں مشقیں کرے گی جبکہ لیڈیز پولیس اور ایف سی کی مشقیں ہونگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آرڈر ہوئے وہ اسلام آباد داخل ہونے والا ہر راستہ سیل کر دیں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کردی ہیں، احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم اجلاس بھی بلایا گیا تھا۔
عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا تھا رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف تیار ہو جاؤ، مجھے آپ کے پلان کا پتہ ہے لیکن میرے پلان کا آپ کو نہیں پتہ، میں ان کی ساری پلاننگ کے مطابق تیاری کر رہا ہوں۔