پی ٹی آئی رہنما و سینیٹر سیف اللہ نیازی اور حامد زمان گرفتار

Published On 07 October,2022 01:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینٹ سے اٹھا لیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما اور ایپٹما کے وائس چیئرمین حامد زمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا، سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنی ٹویٹ کے دوران دعوی کیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہے، سینیٹر سیف اللہ نیازی پر نامنظور ویب سائٹ چلانے کا الزام ہے، نامنظور ویب سائٹ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔

ایف آئی اے سائبر کرائم اس سے قبل سنیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر ریڈ کر چکی ہے، سائبر کرائم کی جانب سے سیف اللہ نیازی کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضہ میں لیا گیا تھا۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ سینیٹ کے احاطے سے سینیٹر کو اٹھا لیا گیا؟ ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئی، چیئرمین سینیٹ سینیٹر سے متعلق عمل کا نوٹس لیں۔

رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سینیٹر سیف نیازی کی سینیٹ کے احاطہ سے گرفتاری اس حکومت کی ایک اور سفاکانہ حرکت ہے، یہ بات ایک بار پھر یہ ثابت کر رہی ہے کہ اس حکومت کے دن پورے ہو چکے اور ان کے پاس سوائے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کے اور کوئی بیانیہ نہیں رہ گیا۔

دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم نے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی کو گرفتار کرنے کی تردید کی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما سیف نیازی کو گرفتار نہیں کیا، ایف آئی اے کو گرفتاری کی اطلاع میڈیا کے ذریعے ملی ہے، ایف آئی اے نے سیف اللہ نیازی کو تاحال تحویل میں نہیں لیا اور نہ ہی گرفتار کیا ہے۔،ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں حامد زمان کو گرفتار کیا ہے۔