برلن: (دنیا نیوز) جرمن وزیر خارجہ انا لینا بیئر بوک نے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی اس کا انداازہ لگانا مشکل ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن ہم منصب انالینا بیئربوک کے ہمراہ برلن میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، سیلابی پانی سے پیدا ہونیوالے مچھر ملیریا کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کردیا۔
انالینا بیئربوک نے کہا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان میں انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، پاکستان ہمارا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے، جرمنی پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جرمنی یورپ کا اہم ترین ملک ہے، ہمارے بہترین تعلقات ہیں، جرمنی کیساتھ دوستانہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سیلاب کے باعث مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوا، پاکستان کو سیلاب کے بعد غذائی بحران کا بھی سامنا ہے، کروڑوں لوگ سیلاب سے ہونیوالی تباہی سے متاثر ہوئے۔