امریکا پاکستان سمندری مشقوں کا انعقاد، پائیدار تعلقات استوار کرنے کا اعادہ

Published On 10 October,2022 04:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امریکا پاکستان سمندری مشقوں کا انعقاد کیا گیا، امریکی بحری افواج نے بحری جہازوں کے ہمراہ کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور پاکستان کے ساتھ پائیدار تعلقات استوار کرنے کا اعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کیجانب سے مشترکہ سمندری مشقوں کے سلسلے میں امریکی کوسٹ گارڈ کے دو بحری جہاز کراچی پہنچے جو کہ کراچی بندرگاہ پر 6 تا 13 اکتوبر تک موجود رہینگے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور امریکی سفارتی عملے نے امریکی کوسٹ گارڈ کے جہازوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے کہا کہ "دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں اور یہاں آنا باعث خوشی ہے، ہم ایک انتہائی متحرک خطے میں باہمی تعلقات استوار کرنے کیلئے کوشاں ہیں، رواں سال ہم امریکا پاکستان تعلقات کو 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔

امریکی وفد نے مزار قائد پر بھی حاضری دی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کئے۔

انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کی مزار کا دورہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
 

Advertisement