اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی نیب قوانین میں ترامیم کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ دیکھنا ہوگا کہ نیب قانون میں ترامیم بنیادی حقوق سے متصادم ہیں یا نہیں۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔
دورانِ سماعت وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل جاری رکھے، اس دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ابھی اصل کیس باقی ہے، دیکھنا ہوگا کیا نیب قانون میں تبدیلی بنیادی حقوق سے متصادم ہے یا نہیں؟ یہ بھی دیکھنا ہے نیب قانون سے درخواست گزار کے حقوق کیسے متاثر ہوئے۔
چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ آپ کی دلیل ہے نیب قانون سے کسی ملزم کا جُرم قبول کرنا اب کوئی جرم ہی نہیں رہا، اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ اب درخواستیں دیے بغیر مقدمات واپس بھیجے جارہے ہیں، پہلے سے پلی بارگین یا رضاکارانہ رقوم کی ادائیگی بھی واپس ہو جائے گی۔
دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ 2018 میں نیب قانون کی تبدیلی سے پہلے کیا پلی بارگین کی رقم اقساط میں ادا ہو رہی تھی، اب دیکھنا چاہتے ہیں کیا پلی بارگین یا رضاکارانہ رقوم کی واپسی پر اقساط ملتی رہیں یا ادائیگی نہیں ہوئی، جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ اس کا جواب نیب کے پاس ہوگا۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ نیب قانون کا سیکشن 25 پلی بارگین کی قسط کی عدم ادائیگی سے متعلق ہے، خواجہ حارث نے کہا کہ نئی ترامیم میں ملزم پلی بارگین کی رقم واپسی کامطالبہ بھی کر سکتا ہے۔
اس پر جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ ابھی تک آپ کیس کے بنیادی نکتے پرآئے ہی نہیں ہیں، بتانا ہے کہ نیب ترامیم سے کون سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس سے تو یہ ثابت ہوا کہ پلی بارگین کے بعد بھی ملزم کا اعتراف جرم تصور نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ سیکشن 9 اے 5 میں ترمیم کے بعد ملزم سےنہیں پوچھا جاسکتا کہ اثاثے کہاں سے بنائے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کیا اب کسی کو غیر قانونی ذرائع سے بنائے گئے اثاثے نیب کو ثابت کرنا ہوں گے؟
اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کل دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی۔