سب کو وزارتوں کالالچ، بہتر ہے استعفے دیدیں: خالد مگسی اتحادیوں پر برس پڑے

Published On 10 October,2022 07:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی نے حکومتی اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں جو لوگ بیٹھے ہیں یہ سارے عمران خان کو نکالنے آئے تھے، اب سب وزارتوں کی لالچ پڑ گئے ہیں، اتحادیوں کو مشورہ ہے بہتر ہے سارے استعفیٰ دیدیں۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران حکومتی اتحادی کے اہم رہنما خالد مگسی اتحادیوں پر برس پڑے۔

خالد مگسی

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میں جو لوگ بیٹھے ہیں یہ سارے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نکالنے آئے تھے، حکومت میں موجود لوگوں کو اب وزارتوں کی لالچ پڑ گئی ہے، اتحادیوں کو مشورہ ہے بہتر ہے سارے استعفیٰ دیدیں۔ ہم حکومت کے اتحادی ہیں، ان سے بہترمعاملات چلا کر دکھائیں گے، یہ وزارتوں کو چھوڑ دیں ہم بہتر کر لیں گے، حکومتی اتحادی تو اسمبلی میں آتے ہی نہیں معاملات کیسے چلیں گے۔

بی اے پی کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں جو اس حکومت کو لیکر آئے اب ہمیں موقع دیا جائے، ان کا ٹارگٹ عمران خان کو نکالنا تھا وہ پورا ہو گیا، وزارتیں تو ان کا مقصد ہی نہیں تھا،ان سب کواستعفیٰ دینا چاہیے۔

خواجہ آصف

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر، وسائل استعمال کررہے ہیں،انہوں نے خیبرپختونخوا میں پناہ لی ہوئی ہے، پرسوں اسی ہیلی کاپٹرکی ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔ خیبرپختونخوا کی حکومت صرف عمران خان کواقتدارمیں لانا ہے،چاہے ترلے، چاہے پاؤں پڑ جائیں عمران کولانا چاہتے ہیں،خیبرپختونخوا میں اساتذہ پرلاٹھی چارج بڑے دکھ کی بات ہے۔ پختونخوا میں دن رات وارداتیں ہو رہی ہیں،صوبے میں مکمل قیاس ہیں، کبھی حقیقی آزادی کی بات کرتا ہے،حقیقی آزادی کا آڈیولیکس سے پتا چل گیا ہے،اس کا اصلی بھیانک چہرہ سامنے آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بے شمارقربانیاں دیں، خیبرپختونخوا میں صورتحال پرایک دن ایوان میں بحث ہونی چاہیے۔

مولانا اکبر چترالی

اسی دوران متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ افسوس میرے تینوں سوالات کے جواب نہیں آئے، حکومت والے اس طرح کرلیں وقفہ سوالات کو ہی ختم کردیں، اسمبلی خالی ہے اورسب سے بڑی کابینہ ہے، اسمبلی میں مجھے 74 میں سے 4 وزرا دکھا دیں، ہمیں سوالوں کے جواب ہی نہیں ملے،اس طرح کرلیں وقفہ سوالات سال کے آخرمیں بلالیں تاکہ ایک ہی دفعہ جواب مل جائیں گے۔

راجہ پرویز اشرف

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وقفہ سوالات بڑا اہم ہوتا ہے، پاور ڈویژن نے کسی ایک سوال کا جواب نہیں دیا۔اس پر جواب دیتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ اسمبلی میں وزیرموجود ہے،

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سوالات تو بہت ہیں پہلے جمع ہو جاتے ہیں ان کا توکوئی جواب ہی نہیں آیا،اگلی دفعہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، ہر سوال کا جواب آنا چاہیے۔

شیخ روحیل اصغر

اجلاس کے دوران لیگی رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد جی ٹی روڈ خستہ حال ہے، روڈ کی حالت دیکھ کر ٹول ٹیکس دینے کا دل نہیں کرتا، ٹول ٹیکس اسی لیے لیا جاتا ہے کہ روڈ کی مرمت کی جائے ، اگر روڈ کی مرمت نہیں ہونی تو پھر ٹول ٹیکس کیوں دیں؟۔

محسن داوڑ

اجلاس کے دوران محسن داوڑ نے کہا کہ دہشتگردی دوبارہ کے پی کے میں واپس آرہی ہے، صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو دیکھنا ہوگا، پی ٹی آئی اور دہشتگردوں کے درمیان اتحاد ثابت ہو رہا ہے، دہشتگردی کے خلاف احتجاج پر پی ٹی آئی حکومت نے پابندی لگادی ہے، صوبائی حکومت نے عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے، افغانستان والا فارمولہ دہشتگردوں نے یہاں شروع کردیا ہے۔

 

 

 

 

 

Advertisement