کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی مزار قائد پر حاضری دی اور مزار پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ملک و صوبہ کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعاکی۔
حلف لینے کے بعد سندھ کے چوتیسویں گورنرسندھ کامران خان ٹسوری نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ گورنر سندھ نے مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں بابائے قوم کے بارے میں تاثرات بھی درج کئے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے محروم مسلمانوں کو آزادی دلائی جب بابائے قوم نے برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت سنبھالی وہ مایوسی کا شکار تھے محمد علی جناح ؒ نے ایک منتشر قوم کی کمان سنبھال کر ان میں آزادی کا جوش و جذبہ پیدا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام قائد اعظم ہی کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے ،ملک کے موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں۔ سندھ میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے ،قائد کے رہنما اصول کام ، کام اور صرف کام سے اس قدرتی آفت سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے۔