2014 میں ایک دوسرے کی مخالف جماعتیں آج قومی مفاد کیلئے ایک ہیں، مراد علی شاہ

Published On 10 October,2022 03:11 pm

تھرپارکر: (دنیا نیوز) وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2014 میں ایک دوسرے کی مخالف جماعتیں آج قومی مفاد کیلئے ایک ہیں۔

تھرپارکر میں حبکو کمپنی کی جانب سے مکمل ہونے والے سی پیک بلاک II کے تحت 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم تھر آنا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ 2030 تک تھر کے کوئلے سے ملکی معیشت میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا، رواں سال کے آخر تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 2640 میگا واٹ ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے پاس پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران کا حل موجود ہے، تھر میں گیس کے ذخائر کی دریافت کا سفر 1991 میں شروع ہوا اور آصف علی زرداری نے صدر بننے سے پہلے کہا تھا کہ یہ منصوبہ بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر میں قابل تجدید توانائی کا 50 ہزار میگاوا ٹ کا کوریڈور ہے، منصوبے پر کام جاری رہتا تو 10 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہوتی لیکن گزشتہ وزیراعظم نے یہاں آنا ہی پسند نہیں کیا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کا توانائی باسکٹ ہے، سندھ پاکستان کی 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، صوبے کے پاس پاکستان کے توانائی بحران کا حل موجود ہے۔