اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو سکیورٹی تھریٹ صرف فارن فنڈڈ ایبسولوٹلی فراڈ فتنہ سے ہے، اب خوشحالی صرف اس کے قانون کی گرفت میں آنے سے ہی آئے گی، الحمد اللہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز بدترین سیاسی انتقام کے باوجود سرخرو ہوئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ذمہ داری واقعی عمران نیازی کی تھی لیکن حکمرانی کسی اور کے پاس تھی، آدھی پاور کے ساتھ ملک کو لوٹنے کا یہ عالم ہے، پوری مل جاتی تو اللہ ہی حافظ تھا، عمران خان نے آدھی پاور کے ساتھ ملکی مفاد کے ساتھ کھیلا، غلط اور صحیح کی فکر نہ کرتے ہوئے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے چالیں چلیں، خدانخواستہ انہیں پوری پاور مل جاتی تو ملک کا کیا ہوتا؟ عمران نیازی کے پاس آدھی پاور تھی اور حکمرانی نہیں تھی تو چار سال کیوں نہیں بتایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پوری پاور کو سیاسی مخالفین کے خلاف اپنے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا، سابق وزیراعظم نے آدھی پاور کے ساتھ توشہ خانہ کو لوٹا، آدھی پاور کے ساتھ غیر قانونی فارن فنڈنگ لی، کشمیر کا سودا کیا، ملک کی معیشت کو تباہ کیا، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ”سکیورٹی تھریٹ“ فارن فنڈڈ فتنہ اور فراڈ ہے جس نے ملکی سکیورٹی اور قومی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز بدترین سیاسی انتقام کے باوجود سرخرو ہوئے، انہی الزامات پر برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے دو سال کی تحقیقات کے بعد شہباز شریف کو بری کر دیا تھا، جھوٹے سیاسی کیس بنانے والوں کو بیان نہیں بلکہ شرم سے ڈوب مرنا چاہئے، روئیں،چیخیں یا پیٹیں بریت کا فیصلہ آ چکا ہے۔