مریم نواز ایک مرتبہ پھر عمران خان پر برس پڑیں

Published On 15 October,2022 04:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوزف بائیڈن کی طرف سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق دیئے گئے بیان پر سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے رد عمل پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز برس پڑیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کیا آپ کے پاس ذرا سی بھی شرم ہے؟ اپنی چھوٹی موٹی سیاست کو ایک طرف رکھنے اور پاکستانیوں کی طرح جواب دینے کے بجائے، آپ اپنے ہی ملک پر کھلم کھلا حملہ کرنے نکلے ہیں؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ خدارا! آپ جیسا چھوٹا اور متعصب شخص کبھی نہیں دیکھا۔

آخر میں مریم نواز نے شرمندگی کا لفظ بھی لکھا۔

عمران خان

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان امپورٹڈ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ امریکی بیان پر میرے 2 سوالات ہیں: ایک ہماری جوہری صلاحیت کے بارے میں ۔ دوسرا امریکی صدر اس بلاجواز نتیجے پر کن معلومات کی بنیاد پرپہنچے۔ وزارتِ عظمیٰ کےمنصب پر فائزرہنے کےباعث میں جانتاہوں کہ ہمارا جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیاکےمحفوظ ترین نظاموں میں سےایک ہے۔

عمران خان نے سوال اٹھایا کہ امریکا خود تو دنیا بھر میں جنگوں میں ملوث رہا ہے، جس کے برعکس پاکستان نے خاص طور پر جوہری صلاحیت کے حصول کے بعد کب جارحیت کا مظاہرہ کیا؟۔ یہ حقیقت بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے کہ بائیڈن کے بیان سے امپورٹڈ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی اور ”امریکہ سے تعلقات کی بحالی و ترتیب نو“ کے دعویٰ کی حیثیت جھلکتی ہے، کیا یہ ہے”ترتیبِ نو“! یہ حکومت نااہلی کے تمام ریکارڈز توڑچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ یہ حکومت ہمیں معاشی بدحالی کی دلدل میں دھکیلنے اور اپنےلئے این آر او 2 کے بندوبست سمیت وائٹ کالر مجرموں کو ملک لوٹنے کا لائسنس تھمانے سے ہٹ کر ہماری قومی سلامتی پر بھی مکمل سمجھوتہ کر گزرے گی۔

 

Advertisement