لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے ملک میں آنے والی سیلاب کی تباہی پر کہا ہے کہ پاکستان کا کوئی قصور نہیں، عالمی ممالک کو پاکستان کا قرض معاف کرنے کا سوچنا چاہیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران جمائما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث جتنی بڑی تباہی آئی ہے اس سے نمٹنا کسی ایک فرد کے بس کی بات نہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے زیادہ ذمہ دار ملکوں کو پاکستان جیسے ملکوں میں تباہی کا ازالہ کرنے یا قرض معاف کرنے کا سوچنا چاہیے۔ جن کا ان حالات میں کوئی کردار نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے جو کچھ پاکستان میں ہوا، کل ہمارے سمیت کسی اور ملک کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
اسی دوران انہوں نے امید ظاہر کی کہ میری آنے والی نئی فلم کی سکریننگ سے حاصل ہونے والی آمدنی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مددگار ہوگی۔
بعد میں اپنے ایک ٹویٹ میں جمائما خان نے لکھا کہ پاکستان میں آنے والی سیلاب کے باعث تباہی سے اکیلا کوئی بھی نہیں نمٹ سکتا۔ جن ممالک نے آب و ہوا کے بحران میں سب سے زیادہ حصہ ڈالا ہے، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان جیسے فرنٹ لائن پر موجود ممالک کے لیے قرضوں سے نجات پر غور کریں۔
Important to stress that this is too big a catastrophe for individual philanthropy. Countries that have contributed most to the climate crisis should pay reparations/ consider debt relief for those countries on the frontline like Pakistan thro’ no fault of their own. https://t.co/6yH5KHyUTi
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) October 16, 2022
ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا پاکستان کا کوئی قصور نہیں۔