سندھ حکومت کی درخواست منظور، کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

Published On 18 October,2022 03:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز)الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست منظور کرلی، کراچی میں بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جب کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ روز سیکرٹری وزارت داخلہ سے میٹنگ کی گئی، وزارت داخلہ سے انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے فوج اور رینجرز کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا تھا، وزارت داخلہ نے مطلع کیا کہ پولیس نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز پولنگ سٹیشنز پر ڈیوٹی نہیں دے سکتے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تحریری طور پر بتایا گیا کہ فوج اور رینجرز بطور کوئیک ریسپانس فورسز دستیاب ہوں گے، سندھ حکومت نے بتایا تھا کہ کراچی کے اکثر پولنگ سٹیشنز یا تو حساس یا اننتہائی حساس ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ فل الحال انتخابات ملتوی کردئیےجائیں۔

قبل ازیں سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو 3 مراسلے بھی بھجوا چکی ہے جبکہ کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول تھے۔
 

Advertisement