اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل قومی ترجیح ہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے کی معاشی بحالی اور ترقی کا سبب بنے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری اور دیگر چینی منصوبوں پر پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں بالخصوص مین لائن ون (ایم ایل ون)، کراچی سرکلر ریلوے، قراقرم ہائی وے و دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے اور پن بجلی کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی، اجلاس کو سی پیک منصوبوں کی موجودہ صورتحال، جاری کام اور مستقبل میں ان منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا گی، اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم کا کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے سی پیک منصوبوں کی مقررہ نہ مدت میں تکمیل کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے ان پر کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ پاکستان کی بندرگاہوں کو چین اور وسط ایشائی ریاستوں سے جوڑ کر ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وسط ایشیائی ریاستوں سے ریل کے ذریعے رابطہ پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا، یہ منصوبہ پاکستان ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور وفاق کی علامت ہے، مین لائن ون منصوبہ پاکستان ریلوے کی معاشی بحالی و ترقی کا باعث بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت گزشتہ چار سال کے سیاہ دور میں سی پیک کے تعطل کے شکار منصوبوں میں نئی روح پھونک کر انہیں ترجیحی بنیادوں پر برق رفتاری سے تکمیل کر رہی ہے، سی پیک اب گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ مرحلے سے نکل کر بزنس ٹو بزنس والے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، سی پیک کے تحت اب پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کراچی میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے اور کراچی کے رہنے والوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سالک حسین، سید نوید قمر، مریم اورنگزیب، سید مرتضیٰ محمود، طارق بشیر چیمہ، مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود، جہانزیب خان، سید فہد حسین، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹرز رانا احسن افضل، بدر شہباز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔