لاہور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم شہباز شريف کو پنجاب میں گندم کی کمی پر خط لکھ کر فراہمی کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا جس میں وفاقی حکومت سے پنجاب کو 10 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں وزیراعلیٰ نے لکھا کہ پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فوری فراہم کی جائے اور باقی 7 لاکھ ميٹرک ٹن گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے وزرات نیشنل فوڈ سکیورٹی اور پاسکو کو ضرورت ہدایات جاری کی جائیں اور پنجاب میں گندم کی فراہمی کيلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پنجاب کی جانب سے وفاق کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے، ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی جب کہ وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے۔