لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 نومبرکو اسلام آباد پہنچے گا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز 28 اکتوبر کو لانگ مارچ کے آغاز کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج اس مارچ کے خدوخال واضح ہوئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ 29 اکتوبر کو لاہور سے روانہ ہو کر مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ، سمبڑیال، وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں، جہلم، گوجر خان، راولپنڈی سے ہوتے ہوئے عمران خان 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کے پہلے دن 28 اکتوبر کو مارچ لبرٹی سے شروع کر فیروز پور روڈ سے اچھرہ، مزنگ، داتا دربار سے ہوتے ہوئے آزادی چوک تک پہنچے گا۔ اگلے دن یعنی ہفتہ 29 اکتوبر کو جی ٹی روڈ پر اسلام آباد کا سفر شروع ہو گا۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت کے لیے درخواست دے دی۔
تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو درخواست دی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پشاور موڑ سرینگر ہائی وے پر جلسے اور دھرنے کی اجازت دے۔