لاہور: (لیاقت انصاری سے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے اعلان کیے گئے لانگ مارچ کا آغاز جمعہ سے ہو گا اور 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئر مین جمعہ تک پنجاب میں عوامی رابطہ مہم چلائیں گے، اور اس دوران زیادہ قیام زمان پارک رہائشگاہ پر کرینگے جبکہ عمران خان لانگ مارچ کی تیاریوں کو لاہور سے مانیٹرکریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کل لاہور میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ق کے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے، دوپہر میں سیالکوٹ میں بھی عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی فائنل
دوسری طرف تحریک انصاف پنجاب کی لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی فائنل کر لی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم کی جانب سے ہر ضلع سے 6 ہزار کارکنان کو لانگ مارچ میں لانے اور تمام کارکنان کے کھانے پینے کے انتظامات مکمل کرنے کا ٹاسک بھی ضلعی تنظیموں کو دیا ہے۔
مرکزی رہنما ارکان اسمبلی، متعلقہ تنظیمیں قافلے کی قیادت کرتے ہوئے لانگ مارچ میں آئیں گے۔ تمام قافلوں کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے جبکہ عمران خان کل لانگ مارچ کے حوالے سے مزید اہم فیصلے کریں گے۔
لانگ مارچ 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان
دوسری طرف عمران خان کا لانگ مارچ جمعہ کو شروع ہو کر 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے، لانگ مارچ جی روڈ کے راستے صرف دن کے اوقات میں آگے بڑھے گا، یہاں لانگ مارچ کو جی ٹی روڈ پر رات ہو گی وہیں عمران خان کی تقریر کے بعد رات کا قیام ہو گا۔ تمام پارٹی قیادت کو رات کے ممکنا پڑاو کے مقامات سے آگاہ کر دیا گیا، لانگ مارچ کا ٹریولنگ پلان ایسا ہو گا جس کے تحت 4 نومبر جمعہ کو اسلام آباد پہنچا جا سکے۔
مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر داخلہ پنجاب عمر چیمہ نے کہا کہ لانگ مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری میری ہے، تحریک انصاف نے ہمیشہ پُرامن ریلیاں اور لانگ مارچ کیے ہیں، ہم نے 126 دن کا پرامن دھرنا دیا، لوگ اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بطورِ حکومت ہمارا فرض ہے لوگوں کو سیکورٹی فراہم کریں، 25 مئی کو پنجاب حکومت نے بدترین ریاستی مشینری کا استعمال کیا، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔