لندن: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ فلاپ ہو گا، عمران خان سب سے بڑا چور ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا کہ میری بات لکھ لیں لانگ مارچ فلاپ ہو گا۔ اب فیصل واوڈا نے بھی کہہ دیا ہے لانگ مارچ خونی ہو گا۔ عمران خان کوئی انقلاب نہیں لا رہا۔ لوگوں نے عمران خان کا انقلاب چار سالہ حکومت میں دیکھ لیا ہے۔ یہ صرف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہ رہے ہیں۔ آرمی چیف کسی پارٹی کا نہیں بلکہ ایک ملکی ادارے کا سربراہ ہوتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نےکہا کہ عمران خان انقلابی بندہ نہیں جھوٹا آدمی ہے۔ لوگوں کو چور کہتا ہے خود سب سے بڑا چور ہے۔ مجھے بتائیں فارن فنڈنگ سے بڑی کون سی چوری ہے 50 ارب اور توشہ خانہ کا بڑا کوئی سکینڈل نہیں۔ عمران خان انتہائی غلط آدمی ہے اور سب سے بڑا چور ہے۔ میں عمران خان نہیں جو بغیر سوچے سمجھے بات کر دوں۔ بہت سے رازوں سے پردہ اٹھ رہا ہے۔
مریم نواز
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد پاکستان کی تباہی اور فتنہ پھیلانا ہے، اب ان کو اور چیزوں کی ضرورت ہے کیونکہ انکی سیاست بھی فیل ہو رہی ہے، اب ان کا پلان اے، پلان بی ،پلان سی بھی فیل ہو رہا ہے، اب ان کی کوشش ہے کوئی نیا انتشار پھیلایا جائے۔
لانگ مارچ انقلاب نہیں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے: نواز شریف
اس سے قبل ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کے لیے ہے۔ اسکا انقلاب اسکی 4سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔
نواز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ،توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا۔