اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینئر صحافی ارشد شریف کی موت گولیاں لگنے کے بعد دس سے تیس منٹ کے اندر واقع ہوئی۔
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، ارشد شریف کی لاش کا اندرونی و بیرونی تفصیلی معائنہ کیا گیا، ارشد شریف کے جسم کے مختلف اعضا کے نمونے لئے گئے۔
سینئر صحافی کے جسم کے نمونے فرانزک لیب بھیجوا دیئے گئے، فرانزک کے بعد پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی، پوسٹ مارٹم کیلئے درخواست مرحوم کی اہلیہ اور پولیس نے دی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم پمز ہسپتال کے 8 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا، ان کے دل گردے پھیپھڑے، معدے اور جسم میں موجود دھات کے ٹکڑوں کے نمونے سائنس لیب بھجوائے گئے، ارشد شریف کی موت سر اور دائیں پھیپھڑے پر گولیاں لگنے سے واقع ہوئی، موت گولیاں لگنے کے بعد دس سے تیس منٹ کے اندر واقع ہوئی۔
ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ رمنا پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے ، پمز آٹھ رکنی بورڈ نے ضروری سمجھا پوسٹ مارٹم میں ریڈیالوجسٹ کی خدمات لی جائیں، ریڈیالوجی کے ماہرین نے سٹی اسکین اور ایکسرے کروایا اور رپورٹ کے ساتھ منسلک کیا، جب تک سیمپلز کی فائنل رپورٹ نہیں آتی تب تک رپورٹ نہیں آئے گی۔
سینئر صحافی ارشد شریف کی فیصل مسجد میں نماز جنازہ ادا
کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ خطیب فیصل مسجد پروفیسر ڈاکٹر قاری محمد الیاس نے پڑھائی، سیاسی، سماجی رہنماؤں، صحافی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، اعظم سواتی اور مراد سعید، سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی نمازہ جنازہ میں شریک تھے، ان کے علاوہ صحافتی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پمز ہسپتال اسلام آباد میں ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، 8 رکنی میڈیکل بورڈ میں ارشد شریف کے اہل خانہ کی درخواست پر دو ڈاکٹرز شامل کیے گئے۔
پمز ہسپتال میں پوسٹم مارٹم کے دوران ارشد شریف کی میت کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین بھی کروایا گیا، پمز کے پروفیسر ہاشم رضا نے بتایا کہ جو چیزیں فرانزک کیلئے بھیجیں گے ان پر کچھ دن لگ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ارشد شریف کو اتوار کی رات کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں غلطی پر پولیس نے سر پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، شروعاتی طور پر پولیس نے ارشد شریف کی ہلاکت کوشناختی غلطی کا نتیجہ قرار دیا تھا۔
غائبانہ نمازجنازہ ادا
دوسری جانب سینئر صحافی ارشد شریف کی غائبانہ نماز جنازہ کراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ادا کی گئی۔
کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے ہیڈ آفس کے باہر ارشد شریف کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سٹاف ممبران سمیت صحافیوں، مقامی سیاسی وسماجی رہنما، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ لاہور، ملتان، فیصل آباد، کشمور، کندھ کوٹ، سکھر سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لئے دعائیں کیں۔