پاکستان میں جانوروں کا نظام، چور، ڈاکوؤں کو مسلط کردیا گیا : عمران خان

Published On 30 October,2022 05:24 pm

سادھوکی: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں، جانوروں کا نظام ہے، یہاں چوروں اور ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا۔

سادھوکی کے مقام پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنکھوں کی سامنے پاکستان بدل رہا ہے، انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں ایک فرق ہوتا ہے، جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، طاقتور جو مرضی کرے انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، اگر انسانوں کے معاشرے میں انصاف نہیں تو وہ جانوروں کا معاشرہ بن جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارے پیغمبر ایک چیز مانگتے تھے اور وہ ہے انصاف، سارے پیغمبروں نے ظلم کا مقابلہ کیا، آج پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں، جانوروں کا نظام ہے۔ یہاں چوروں اور ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا، گزشتہ چھ ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، میر جعفر اور میر صادق سازش کرکے ملک کے اوپر ان کو لیکر آئے، عوام کا معاشی قتل کیا، بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں کہ تم ہی کہتے تھے کہ یہ ڈاکو ہیں، اب ہمارے اوپر مسلط کرکے ان کو کہتے ہو تسلیم کرلو، دو صحافی ملک سے باہر چلے گئے، اس سے پہلے بھی صحافی ملک سے باہر چلے گئے، اعظم سواتی، شہباز گل کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اعظم سواتی کو بلایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا ایک مقصد ہے، ہمارے ملک میں انصاف چاہیے، یہ وقت اپنی تقدیر بدلنے کا ہے، یہ دھمکیاں دیتے اور ظلم کر رہے ہیں، 75 سالہ سینیٹر اعظم سواتی کو پوتا اور پوتی کے سامنے تشدد کیا گیا، اعظم سواتی کا قصور ہے جس نے ایک ٹوئٹ کی جس میں آرمی چیف پر تنقید کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ جیسے چوہے ہمیں دھمکیاں نہ دو، رانا ثناء اللہ نے اٹھارہ قتل کیے، نواز شریف اس ملک کا مجرم ہے، آصف زرداری اس ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آرہا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد تیاری کرلے۔

 شہباز شریف سن لیں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا: عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی، غلام اور ڈاکو ہم پر مسلط کئے گئے، میں آزاد آدمی ہوں، مر سکتا ہوں مگر غلامی نہیں کر سکتا۔

مریدکے میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تیسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو ایک پیغام بھجوایا ہے، میں آپ کے پاس پیغام کیوں بھجواؤں گا، شہباز شریف سن لیں میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، میں نے ان سے بات کی جو شہباز شریف کو اشاروں پر چلاتے ہیں، جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قانونی کی حکمرانی چاہتا ہوں، عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، میں نے نہ کسی کے پیر پکڑے اور نہ منتیں کیں،عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے، فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے، جب فوج پر تنقید کرتا ہوں تو وہ تعمیری ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج تیسرے روز چیئرمین عمران خان کی قیادت میں مریدکے سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، مارچ کا آج رات پڑاؤ گوجرانوالہ میں ہوگا۔

عمران خان کی گوجرانوالہ میں موجودگی کے دوران ممکنہ کشیدگی کا خدشہ ہے جبکہ گوجرانوالہ میں وفاقی زیر خرم دستگیر کی رہائش گاہ پر پولیس سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔

Advertisement