کامونکی: ( لیاقت انصاری، ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی جس پر وزیراعظم سمیت دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی، خاتون کے بارے میں بتایا جارہا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر ہے۔
عمران خان نے حادثے کے بعد کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے، صدف نعیم نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھیں۔
ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں: عمران خان
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 30, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ آج اپنے مارچ کے دوران پیش آنے والے اندوہناک حادثے جسکے نتیجے میں رپورٹر صدف نعیم ہم سےجدا ہوگئیں پر نہایت رنج و الم کا شکار ہوں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں، ہم نے اپنا مارچ آج کیلئے منسوخ کردیا ہے۔
اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم کا اظہار افسوس
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 30, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
مریم نواز
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 30, 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک ٹی وی رپورٹر صدف کی قیمتی جان کے ضیاع کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، میری دعائیں مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آمین!
افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیئں تھے۔
فواد چودھری
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 30, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا صدف کی فیملی کیلئے 50 لاکھ امداد کا اعلان
چودھری پرویزالٰہی نے صحافی مرحومہ صدف کی فیملی کے لئے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحومہ صدف کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی، عمران خان کی ہدایت پر امداد 25 سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کررہے ہیں، حادثے میں صدف کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، المناک واقعہ پر ہر دل دکھی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔