صحافی صدف نعیم کو دھکا دیا گیا، تحقیقات کرائی جائیں: رانا ثنا اللہ

Published On 30 October,2022 11:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جاں بحق خاتون رپورٹر کے ساتھی صحافیوں کا بیان ہے کہ صدف نعیم کو دھکا دیا گیا، دھکا دینے والے شخص کو گرفتار کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں نجی ٹی وی کی رپورٹ صدف نعیم کی کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صحافی صدف نعیم کی موت کی تحقیقات کرائی جائیں، موقع پر موجود صحافیوں کے انکشافات کے بعد معاملہ مشکوک ہوگیا ہے، پنجاب حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے کہ ایک بے گناہ خاتون رپورٹر کی دردناک موت کی تحقیق کرائے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جاں بحق خاتون رپورٹر کے ساتھی صحافیوں کا بیان ہے کہ صدف کو دھکا دیا گیا، دھکا دینے والے شخص کو گرفتار کیا جائے، قانون کے تقاضے پورے کئے جائیں، اس شہادتی بیان کے بعد ضروری ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہوں، پنجاب حکومت نے اپنی قانونی اور انسانی ذمہ داری پوری نہ کی تو وفاقی حکومت اپنا قانونی فرض ادا کرے گی۔
 

Advertisement