پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی بڑی وکٹ گرا دی

Published On 05 November,2022 07:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے مضبوط اور سینئر رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے چکوال سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے پی ٹی آئی کے صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، اس موقع پر قیادت کی جانب سے انہیں پارٹی سکارف پہنایا

ملاقات کے دوران سردار فیض ٹمن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

یاد رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ ق کے امیدوار اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کو 51 ہزار ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی۔

فاتح امیدوار نے 1 لاکھ 57 ہزار 497 ووٹ حاصل کیے جبکہ ن لیگی امیدوار 1 لاکھ 6 ہزار 81 ووٹ لے سکے۔

واضح رہے کہ 2002 کے الیکشن میں سردار فیض ٹمن نے آزاد حیثیت ممبر قومی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ۔ الیکشن میں پاکستان کی تاریخ میں بحیثیت آزاد ممبر قومی اسمبلی سب سے زیادہ 139000 ووٹ لے کر چکوال سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ جس کے فورا بعد وہ پہلے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز پھر پیٹریاٹ گروپ میں شامل ہوئے۔

2008 کے الیکشن میں چودھری پرویز الہی کو شکست دے کر مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ بعد ازاں مبینہ طور پر جعلی ڈگری کیس میں عدالتی فیصلہ سے قبل ہی 2010 ء قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیٰ ہو گئے۔

2013 کے الیکشن میں یہاں کے حلقہ این اے 65 میں چودھری پرویز الٰہی کو ن لیگ کے امیدوار اور سردار فیض ٹمن کے ماموں سردار ممتاز خان ٹمن نے شکست سے دوچار کیا ۔ اس دوران سردار فیض ٹمن پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے لیکن اس وقت پارٹی میں کچھ خاص پذیرائی نہیں ملی ۔اور وہ دوبارہ ن لیگ میں شامل ہو گئے۔

2018 کے الیکشن میں چوہدری پرویز الٰہی حلقہ این اے 65 سے سردار ممتاز خان ٹمن کے مقابلے میں جیت گئے۔ تاہم صوبائی سیٹ رکھنے کی وجہ سے یہاں ایک آر پھر ضمنی الیکشن ہوا ۔ جس میں ن لیگ نے سردار فیض ٹمن کو میدان میں اتارا۔

مقابلے میں ق لیگ کے چودھری سالک حسین جو چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے ہیں میدان میں اترے۔ اس الیکشن میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن پولنگ سے محض چند روز قبل ہی سردار فیض ٹمن نے اچانک الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کر کے سیاسی صفوں میں ہلچلچا دی ۔جس کے بعد چودھری سالک حسین بآسانی یہ الیکشن جیت گئے۔

Advertisement