اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق سینیٹ میں پی ٹی آئی اور متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، پارلیمانی کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، حملے میں نامزد ملزمان پر فوری ایف آئی آر درج نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق مطالبہ ہے کہ متاثرہ فریق کی درخواست کے مطابق فی الفور ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ اس حملے کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس میں کئے گئے چاروں مطالبات کی پرزور تائید کی گئی۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی نے سپریم کورٹ سے ان چاروں مطالبات پر فوری ایکشن کی توقع ظاہر کی، اجلاس میں سینیٹراعظم سواتی کے ساتھ بہیمانہ، غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، پارلیمانی پارٹی نے قائم کردہ سپیشل کمیٹی کو یکسر مسترد کردیا، ایوان کے معزز ممبر اعظم سواتی کے ساتھ تقدس کی پامالی پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔