لاہور: (لیاقت انصاری سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان و دیگر قیادت کو سانحہ وزیر آباد کی تحقیقات میں ابتدائی فرانزنک رپورٹ پیش کردی گئی۔
سابق وزراعظم اور پی ٹی آئی چیئر مین کی زیرصدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا زمان پارک میں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، سینیٹر اعظم سواتی، عمر ایوب، ڈاکٹریاسمین راشد، میاں اسلم اقبال،حماد اظہر،اعجاز چودھری، شفقت محمود ، اوردیگر قائدین شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے وزیر آباد حملے کے حوالے سے ابتدائی فرانزک رپورٹ پارٹی قیادت کے سامنے پیش کی ۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمر سرفراز چیمہ نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حملہ آوور ایک سے زیادہ تھے عمران خان کے خلاف جو مذہبی بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی وہ ٹائیں ٹائیں فش ہو گیا۔وزیر آباد کے بعد حافظ آباد میں بھی مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کے خلاف زہر اُگلا گیا۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کاکہناتھاکہ دوگھنٹے سے زائد اجلاس میں لانگ مارچ کے دوسر ے مرحلے پر مشاورت کی گئی، عمران خان پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے رانا ثناء اللہ کو اپنے بیانات پر شرم کرنی چاہئیے، اس واقع کی تحقیقات پر اگر کوئی افسر چھپ کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو وہ بھی بے نقاب ہوگا،گورنر راج لگانے کا وقت گزر گیا اب صرف عوامی راج ہو گا۔
پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کاکہناتھاکہ اجلاس میں لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے تفصیلات طے کرلی گئی ہیں، لانگ مارچ اپنے شیڈول کے مطابق شروع ہو کر راولپنڈی پہنچے گا۔