اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، ہم کسی قسم کا سیاسی تصادم نہیں چاہتے اور نہ ہی اسکی اجازت دے سکتے ہیں، اندیشہ ہے عوام اب عمران خان کے فسادی اور فتنہ انگیز پیروکاروں کا خود محاسبہ شروع کر دینگے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سڑکیں بند کرنے کے حوالے سے اپنے ردعمل میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کے کاروبار، خوشی، غمی میں شرکت اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، مریض ہسپتالوں میں پہنچنے سے قاصر ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ناقابل برداشت ہے بلکہ لاکھوں عوام کے لئے تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکنان کرسیاں ڈال کر پولیس کی ایما پر گزشتہ چار روز سے عوام کو پریشان کر رہے ہیں، حالیہ پریشان کن صورتحال سے عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے، میری مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے اپیل بھی ہے کہ وہ عوام کو ان مشکلات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔