شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال پر نامعلوم شخص کیخلاف مقدمہ درج

Published On 17 November,2022 12:41 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال پر نامعلوم کالر کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت اور دھمکیاں دینے کے جرم میں درج کیا گیا، گزشتہ شب سی پی او راولپنڈی آفس کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر نامعلوم کالر نے دھمکی آمیز کال کی تھی، سینئر پولیس آفیسر کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اب تحقیقات میں مصروف ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید اور ان کے سیکریٹریٹ لال حویلی انتظامیہ کو آگاہ کر کے سکیورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے ایلیٹ کمانڈوز بھی تعینات کردئیے۔

شیخ رشید کے بارے میں دھمکی آمیز کال راولپنڈی پولیس کو موصول ہوئی ہے، سی پی او راولپنڈی کے دفتر کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر انٹرنیٹ نمبر کے ذریعے شیخ رشید کے حوالے سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔

 

یاد رہے کہ شیخ رشید کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز فون کال موصول ہوتی رہی ہیں اور انکی مدعیت میں ایک مقدمہ تھانہ وارث خان میں پہلے سے درج ہے لیکن راولپنڈی پولیس کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی اسکا سراغ نہیں لگا سکی۔